اٹک: اٹک میں ہفتے کی علی الصبح مریض کو اسپتال لے جانے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس آئل ٹینک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔


ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں ریسکیو 1122 کے ملازم سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔


حادثہ ہکلہ انٹر چینج پر اس وقت پیش آیا جب فالج میں مبتلا خاتون مریضہ کو لے جانے والی ایمبولینس ٹینکر سے ٹکرا گئی۔


اس سے قبل پیر کو شیخوپورہ کے گاؤں پنڈور کے قریب فاروق آباد شہر میں ایک گاڑی کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے کم از کم پانچ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔


ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔


بدقسمت خاندان عید الاضحی پر اپنے رشتہ داروں سے ملنے امر سادھو سے لاہور کے علاقے گجر پورہ جا رہا تھا۔


اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو بالترتیب طبی اور قانونی کارروائیوں اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔